Thursday, 15 August 2013

مجبوری کی حالت میں سجدہ

یہاں پر ایسی روایتوں کو بیان کرناچاہتا ہوں جو اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ انسان جب بالکل تحمل نہ کر سکے جیسااتنی شدید گرمی یاایسی شدید سردی ہو کہ جو ناقابل برداشت ہویاکسی دوسرے معقول و شرعی عذر کی بنا پر لباس کے کناروں یا کپڑے کے ٹکڑوں پر سجدہ کرنا چاہے تو کر سکتا ہے۔حالت اضطرار کا حکم اہل سنت کی کتابوں سے مخصوص نہیں ہے۔بلکہ یہ حکم ہماری کتابوں میں بھی موجود ہے۔ کہ شدید گرمی اور کڑاکے کی ٹھنڈک میں جب انسان زمین پر سجدہ کرنے سے معذور ہو تو کپڑے وغیرہ پر سجدہ کر سکتا ہے ۔صاحب وسائل الشیعہ نے اپنی کتاب میں مکمل ایک باب ” جواز السجود علیٰ الملابس وعلیٰ ظہر الکف فی حال الضرورۃ “(حالت ضرورت میں کپڑے اور ہاتھ کی ہتھیلی پر سجدہ کرنا جائز ہے ) کے نام سے قائم کر رکھا ہے۔اور ائمہ طاہرین (ع) کی روایتوں کو اس میں تفصیل سے بیان کیا ہے ۔ ان میں بعض احادیث کو قارئین کرام کے سامنے بطور تبرک پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتا ہوں ۔
۱۔عیینہ کہتے ہیں : میں نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے دریافت کیا کہ اگر میں شدید گرمی میں مسجد جاوٴں اور (گرم ) پتھر پر سجدہ کرنے سے دل مائل نہ ہو تو کیا میں کپڑا پھیلا کراس پر سجدہ کر سکتا ہوں؟امام (ع) نے فرمایا:ہاں کوئی حرج نہیں ہے۔ (1)
۲۔قاسم بن فضیل کہتے ہیں : میں نے امام رضا (ع) سے کہا میری جان آپ پر فدا ہو کیا کوئی شخص گرمی و سردی سے بچاؤ کے لئے آستین پر سجدہ کر سکتا ہے ؟ امام (ع) نے جواب میں فرمایا: ہاں کوئی حرج نہیں ہے ۔ (2)
۳۔ کچھ شیعوں نے امام جعفرصادق علیہ السلام سے دریافت کیا کہ اگر ہم ایسی جگہ ہوں جہاں شدید ٹھنڈک کی بنا پر پانی جم کر برف ہو گیا ہو تو کیا ہم ( نماز میں ) اس پر سجدہ کر سکتے ہیں ؟ امام (ع) نے فرمایا : نہیں بلکہ برف سے (بچاؤ ) کے لئے روئی یا کتان رکھ لو ۔ (2)


(1) وسائل الشیعہ ج/۳ ، کتاب الصلۃ ، ابواب ما یسجد علیہ ، باب ۴ ، حدیث ۱ ۔ ”قلمت لاٴبی عبد اللّٰہ علیہ السلام : ادخل المسجد فی الیوم الشدید الحر فاکرہ ان اصلی علی الحصی ، فاٴبسط ثوبی فاٴسجد علیہ ؟ قال : نعم لیس بہ باٴس “
(2) گذشتہ حوالہ، حدیث ۲۔ ” قلت للرضا علیہ السلام : جعلت فداک ، الرجل یسجد علی کمہ من اذی الحر و البرد ؟ قال: لاباس بہ “
(3) گذشتہ حوالہ، حدیث ۷۔ ” قلت لاٴبی جعفر علیہ السلام : انا نکون بارض باردۃ یکون فیھا الثلج افنسجد علیہ ؟ قال: لا ولکن اجعل بینک و بینہ شیئاً قطناً او کتاناً “

No comments:

Post a Comment